وزیرخوراک کے مستعفی ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دو مزید اعلیٰ عہدیداروں کو عہدے سے ہٹا دیا
لاہور : وزیرخوراک کے استعفیٰ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دو مزید اعلیٰ عہدیداروں کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 2019 میں سیکریٹری خوراک پنجاب رہنے والے موجودہ کمشنر ڈی جی خان نسیم صادق کو عہدے سے ہٹا دیا ہے جبکہ 2019 میں ڈائریکٹر فوڈ پنجاب رہنے والے ظفر اقبال کو بھی او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ آج وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چوہدری عہدے سے مستعفی ہوگئے، وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چوہدری نے اپنے عہدے سے استعفی دیا،سمیع اللہ چوہدری نے وزیراعلی پنجاب سے ملاقات میں استعفی دیا۔آٹا بحران کی رپورٹ میں وزیر خوراک پنجاب کو بھی ذمہ دار قرار دے دیا گیا تھا۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بھی سمیع اللہ چوہدری کے مستعفی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
سمیع اللہ چوہدری کا کہنا ہے کہ مجھ پر بے بنیاد الزام لگائے گئے جس کی وجہ سے رضاکارانہ طور پر عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں۔ مجھ پر الزام ہے کہ محکمہ کی ریفارمز نہیں کر سکا۔جب تک الزامات کلیئر نہیں ہوتے حکومتی عہدہ نہیں لوں گا۔انہوں نے کہا کہ جب تک میں خود کو بے قصور ثابت نہ کر لوں میں خود کو اس عہدے کے اہل نہیں سمجھتا۔ میں ہر فورم پر خود کو احتساب کے لیے پیش کرنے کے لئے تیار ہوں۔
ان کے بعد اب کمشنر ڈی جی خان نسیم صادق کو او ایس ڈی بنا دیا گیاہے ، وہ 2019 میں سیکریٹری خوراک رہے ہیں ، انہوں نے رضاکارانہ طور پر وزیراعلیٰ پنجاب کو پیشکش کی تھی کہ وہ انہیں انکوائری مکمل ہونے تک عہدے سے ہٹا دیں جس پر عثمان بزدار نے عملدرآمد کر دیا ہے ۔ان کے علاوہ 2019 میں ڈائریکٹر فورڈ پنجاب رہنے والے ظفر اقبال کو بھی عہدے سے ہٹاتے ہوئے او ایس ڈی بنا دیا گیاہے ۔